عراق میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ

Hits: 0

عراق میں داعش کے خاتمے کے بعد پہلے پارلیمانی انتخابات کے لیے آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں جس میں عراقی عوام بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں۔

پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوتے ہی موجودہ اسپیکر سلیم الجبوری اور دیگر اعلی عراقی حکام نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور عوام سے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کی۔اہلسنت الائنس الوطنیہ کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے والے سلیم الجبوری نے اس موقع پر شفاف اور صحت مند انتخابات  کی ضرورت پر زور دیا۔عراقی سیاستدان ایادعلاوی کی قیادت میں قائم الوطنیہ اتحاد میں بائیس سیاسی جماعتیں اور تنظیمیں شامل ہیں۔عراق کے سینیئر نائب صدر اور دولت قانون نامی سیاسی اتحاد کے سربراہ نوری المالکی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا ہم سب کا قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔عراقی کردستان ریجن کے وزیراعظم نچیروان بارزانی نے ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور کرد عوام سے اپیل کی وہ انتخابی عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے بعد ہونے والے پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں جس میں رائے دہی کا حق رکھنے والے دو کروڑ چالیس لاکھ عراقی شہری سات ہزار امیدواروں میں سے تین سو انتیس امیدواروں کو پارلیمنٹ کے لیے روانہ کریں گے۔عراقی آئین کے تحت ملک کے صدر اور وزیراعظم کا انتخاب کرنا اور وزرا کو اعتماد کا ووٹ دینا پارلیمنٹ کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر داعشی عناصر کے دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنادیا ہے-عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے عناصر صوبہ صلاح الدین کے علاقے بلد میں پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کرنا چاہتے تھے جسے بروقت ناکام بنادیا گیا ہے۔اس کارروائی میں چھے خود کش بمباروں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔عراقی سیکورٹی فورس نے ایک علیحدہ کارروائی کے دوران چالیس داعشی دہشت گردوں کو ہلاک اور اس گروہ کے پانچ سرغنوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

The post عراق میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico