Categories : The Latest

16 سال سے کم عمر نوجوانوں کے واٹس ایپ استعمال کرنے پر پابندی

Hits: 0

سوشل میسیجنگ ایپ واٹس ایپ کو یورپ میں 16 سال کے کم عمر نوجوان استعمال نہیں کرسکیں گے۔

یورپی یونین میں ڈیٹا تحفظ کے قوانین کا اطلاق اب واٹس ایپ پر بھی ہوگا جس کے تحت اب 16 سال سے کم عمرکے نوجوان اپنے والدین کی اجازت کے بغیر واٹس ایپ سروس استعمال نہیں کرسکیں گے۔ یورپی یونین میں پیغام رسانی کی ایپ واٹس ایپ نے ڈیٹا تحفظ کے قوانین کی وجہ سے اپنے صارفین کیلئے عمر کی حد 13 سال سے بڑھاکر 16 سال کردی ہے اوراب واٹس ایپ استعمال کرنے والے پرانے اور نئے صارفین سے پوچھا جائے گا کہ آیا ان کی عمر 16 برس سے زائد ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ سروس کو فیس بک خرید چکا ہے اور اب ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایاجائے گا۔ تاہم یورپی یونین کے ممالک سے باہر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین پر اس قانون کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اس نئے قانون کے تحت عمر کی حد کنٹرول کرنے کا نظام زیادہ سخت نہیں یعنی واٹس ایپ کی طرف سے کوئی شناختی دستاویز یا برتھ سرٹیفکیٹ سے متعلق معلومات نہیں لی جائیں گی جب کہ کمپنی مستقبل میں بھی ایسے سوالات پوچھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

The post 16 سال سے کم عمر نوجوانوں کے واٹس ایپ استعمال کرنے پر پابندی appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

کائنات کا تاریک ترین سیارہ دریافت

Hits: 0

ماہرینِ فلکیات نے مشتری جیسا ایک انوکھا سیارہ دریافت کیا ہے جو خود پر پڑنے والی روشنی کی 99 فیصد مقدار جذب کرلیتا ہے۔

اس طرح اس کا شمار خلائے بسیط میں موجود تاریک ترین اجرام فلکی میں کیا جاسکتا ہے۔ اسے تاریک ترین سیارہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کیوں کہ اب تک اتنا تاریک سیارہ دریافت نہیں ہوا۔ ماہرین فلکیات نے اس نو دریافت شدہ سیارے کو Wasp-104b کا نام دیا ہے۔ طبیعی خصوصیات میں یہ ہمارے نظام شمسی کے سب سے جسیم اور گیسی سیارے مشتری سے مشابہ ہے، اس لیے اسے ’گرم مشتری‘ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔

فلکیاتی اصطلاح میں ’’گرم مشتری‘‘ ان سیاروں کو کہا جاتا ہے جو اپنی کمیت اور دوسری طبیعی خصوصیات کے اعتبار سے ہمارے نظامِ شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری سے مشابہت رکھتے ہیں؛ لیکن ان کا مدار بہت مختصر ہوتا ہے یعنی وہ اپنے مرکزی ستارے (سورج) سے بہت قریب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ان کا درجہ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے بلکہ یہ بڑی تیزی سے اپنے سورج کے گرد چکر بھی لگا رہے ہوتے ہیں۔ ایسے ’’گرم مشتری‘‘ عموماً اپنے سورج کے گرد ایک چکر تقریباً دس دنوں میں پورا کرلیتے ہیں یعنی ایسے سیاروں کا ’’ایک سال‘‘ زمین پر گزرنے والے دس دنوں کے مساوی ہوتا ہے۔ Wasp-104b اپنے مدار میں ایک چکر صرف 1.75 دن میں پورا کرلیتا ہے۔

نیا گرم مشتری کیل (Keele) یونیورسٹی، برطانیہ سے وابستہ محققین کی دریافت ہے۔ انہوں نے زمین کے گرد مدار میں محو گردش، ناسا کی کیپلر خلائی دوربین سے حاصل شدہ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد اس منفرد سیارے کی دریافت کا اعلان کیا۔ سیارہ اپنے سورج سے اس قدر قریب ہے کہ اس کے گرد بادلوں کا غلاف بھی موجود نہیں، جو بیشتر سیاروں کے گرد دکھائی دیتا ہے۔ سورج اور ستارے کا درمیانی فاصلہ انتہائی کم ہونے کے باعث شمسی ہوائیں، گیسی بادلوں کو سیارے سے دُور پھینک دیتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں یہ سیارہ سیاہ دھند میں لپٹا دکھائی دے گا کیوں کہ اس کے اجزائے ترکیبی میں پوٹاشیم اور سوڈیم کی کثرت ہے جن کے ایٹم ٹکرانے والی تقریباً تمام روشنی جذب کرلیتے ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق نودریافتہ سیارہ ’’اسد‘‘ (لیو) نامی جھرمٹ میں واقع ہے جو زمین سے 466 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ سیارہ پونے دو دن میں اپنے سورج کے گرد ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے اپنی ایک محوری گردش مکمل کرنے میں بھی اتنا ہی وقت لگتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس منفرد سیارے کا نصف کرہ ہمیشہ سورج کی جانب رہتا ہے اور بقیہ نصف ہمیشہ اس سے مخالف سمت میں ہوتا ہے۔ بہ الفاظ اس کے آدھے حصے پر ہمیشہ دن اور آدھے پر ہمیشہ رات ہوتی ہے۔

The post کائنات کا تاریک ترین سیارہ دریافت appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

اسمارٹ فون کے ذریعے ایک وقت میں مریضوں کے 96 نمونے جانچنے والی مشین

Hits: 13

پوری دنیا میں اسمارٹ فون کے طبی استعمال کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے اور ان کے ذریعے خون اور پیشاب کے نمونوں کی تشخیص کے نظام بھی بن رہے ہیں۔

واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر لائی لی اور ان کے ساتھیوں نے ’ایم ریڈر‘ نامی ایک چھوٹی مشین بنائی ہے جو ایک وقت میں 96 مریضوں کے جسمانی مائعات کے نمونے دیکھ سکتی ہے۔ ماہرین ان میں خاص کیمیکل ملاتے ہیں اور مرض کی صورت میں نمونہ رنگ بدلتا ہے۔ اگلے مرحلے میں ایک کمپیوٹر پروگرام کیمیکل ملنے کے بعد سیمپل کی رنگت میں تبدیلی نوٹ کرکے مرض کے ہونے یا نہ ہونے کی خبر دیتا ہے۔ یہ سادہ نظام 12 اقسام کے بیکٹیریا اور وائرس انفیکشنز نوٹ کرسکتا ہے۔

اگرکسی پسماندہ یا دور افتادہ علاقے میں کسی وبائی مرض کا حملہ ہوجائے تو ایک جانب مریضوں کے خون کے نمونے بڑے شہروں میں بھیجنا مہنگا اور وقت طلب امر ہوتا ہے جب کہ دوسری جانب اسمارٹ فون سے شناخت کرنے والے نظاموں میں ایک وقت میں ایک ہی سیمپل رکھا جاسکتا ہے لیکن اب یہ مشکل حل ہوچکی ہے۔

ایم ریڈر کی قیمت بھی بہت کم ہے یعنی اس کا پہلا ماڈل صرف 5 ہزار روپے میں تیار ہوا ہے جب کہ تجارتی سطح پر اس کی قیمت مزید کم ہوجائے گی۔ 12 امراض کی خبر دینے والے ایم ریڈر پر 771 مریضوں کے خون اور پیشاب کے نمونے آزمائے گئے تو اس کے نتائج 97.59 سے 99.9 فیصد تک درست ظاہر ہوئے، اس طرح یہ چھوٹا سا نظام کسی بڑی لیبارٹری کی طرح مرض کی درست شناخت کرسکتا ہے۔

پروفیسر لائی کے مطابق ایم ریڈر غریب آبادی کے بنیادی امراض کی شناخت کرنے والا ایک کم خرچ اور تیزرفتار آلہ بھی ہے۔ توقع ہے کہ اس کے استعمال سے لاتعداد قیمتی جانیں بچائی جاسکیں گی۔

The post اسمارٹ فون کے ذریعے ایک وقت میں مریضوں کے 96 نمونے جانچنے والی مشین appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

بروس لی بننے کیلئے روزانہ 4 گھنٹے ورزش کرنے والا 8 سالہ بچہ

Hits: 6

جاپان کے 8 سالہ شہری رائیوسی امائی بروس لی کی فلمیں دیکھ دیکھ کر خود کو اس کردار میں ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کے لیے وہ ہر روز 4 گھنٹے سے زیادہ ورزش اور ٹریننگ کرتا ہے جس سے اس نے اپنا بدن بروس لی جیسے کسرتی بدن میں ڈھال لیا ہے۔

رائیوسی نے تین سال قبل بروس لی کی معرکتہ الآرا فلم ’دی گیم آف ڈٰیتھ ‘ دیکھی تھی جس کے بعد بچے نے خود کو سخت محنت کے بعد بروس لی جیسا بنایا اور اب سوشل میڈیا پر اس کے لاکھوں فالوورز ہیں جب کہ اسے کئی ٹی وی پروگراموں میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ایک پروگرام ’سپرکِڈز‘ میں اس نے بروس لی کے تمام مشہور ایکشن سین دوبارہ کرکے لوگوں کو حیران کردیا۔

چھوٹا بروس لی روزانہ صبح 6 بجے بیدار ہوتا ہے اور اسکول جانے سے قبل ڈیڑھ گھنٹہ ورزش کرتا ہے۔ اسکول سے واپسی پر وہ کک لگاتا اور ننچکو چلاتا ہے جس کے بعد وہ ایک گھنٹہ دوڑ لگاتا ہے۔ یوں مجموعی طور پر روزانہ وہ ساڑھے 4 گھنٹے ورزش کرتا ہے۔

رائیوسی امائی کے فیس بک پر 2 لاکھ 90 ہزار فالوورز ہیں اور انسٹا گرام پر 33 ہزار افراد اس کے مداح ہیں جب کہ یوٹیوب چینل پر وہ آئے دن اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتا ہے۔ 8 سالہ بچہ مستقبل میں مارشل آرٹس کا ماہر بننا چاہتا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ناقدین نے اس کے والدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بچے سے اپنے آئیڈیل کی تلاش میں برداشت سے باہر مشقت کرائی جارہی ہے۔

The post بروس لی بننے کیلئے روزانہ 4 گھنٹے ورزش کرنے والا 8 سالہ بچہ appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

میرے خلاف عدالتی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، نواز شریف

Hits: 0

سابق وزیراعظم نواز شریف نے الزام لگایا ہے کہ ان کے خلاف عدالتی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں شائع انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ ان کے خلاف عدالتی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، جب کہ ان کی جنگ ملک میں جمہوریت اور جبر کے درمیان جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈٹ کر اس جنگ کو اپنے ہی وطن میں لڑیں گے، اور انہیں یقین ہے کہ اس جنگ میں قانون کی بالادستی اور آئین کو فتح حاصل ہوگی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیس بے بنیاد اور کھوکھلا ہے لیکن اگر مجھے سزا دینے کا تہیہ کر ہی لیا گیا ہے تو پھر میرے پاس کوئی چارہ نہیں رہ جاتا، تاہم مجھے یقین ہے کہ حکومتیں گرانے اور منتخب وزرائے اعظم کو ہٹانے کا یہ سلسلہ پاکستان میں اب ختم ہوگا۔ نواز شریف نے کہا کہ انہیں اور مسلم لیگ (ن) کو مساوی مقابلے کی فضا سے محروم کیا جارہا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں ہی شائع گیلپ سروے کے مطابق مقبولیت میں مسلم لیگ (ن) تمام جماعتوں سے آگے ہے۔ امریکی اخبار میں گیلپ سروے شائع ہوا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) اب بھی پاکستان میں موجود تمام سیاسی پارٹیوں سے زیادہ مقبول ہے اور اس کی برتری واضح ہے۔ مارچ 2018ء کے گیلپ سروے کے مطابق مسلم لیگ (ن) عوام میں 36 فیصد، پی ٹی آئی 24 فیصد اور پیپلز پارٹی 17 فیصد مقبول ہے۔ اس لحاظ سے پاکستان میں ن لیگ سب سے زیادہ مقبول ہے اور پاکستان تحریک انصاف سے 12 فیصد زیادہ مقبول ہے۔

The post میرے خلاف عدالتی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، نواز شریف appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

مودی پر ٹویٹ، آئی سی سی نے بھارت سے معافی مانگ لی

Hits: 0

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں ٹویٹ پر معافی مانگتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔

آئی سی سی کے آفیشل ہینڈل سے ریپ کیس میں گرفتار ہونے والے سادھو آسارام اور مودی کے بارے میں ٹویٹ کیا گیا، اس پر نہ صرف شائقین کی جانب سے حیرت اور برہمی کا اظہار کیا گیا بلکہ بھارتی بورڈ نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا تھا، آئی سی سی نے معاملے پر معافی مانگتے ہوئے غیر متعلقہ ٹویٹ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

The post مودی پر ٹویٹ، آئی سی سی نے بھارت سے معافی مانگ لی appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

طالبان کا غیر ملکی فورسز کے خلاف آپریشن ’’الخندق‘‘ کا اعلان

Hits: 0

افغانستان میں طالبان نے امریکا کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے اعلان کے مقابلے میں غیر ملکی فورسز کے خلاف نئے آپریشن ‘الخندق’ کا اعلان کیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان امریکا کو افغانستان سے بے دخل کرنے کے لیے الخندق آپریشن کا آغاز کررہے ہیں جس میں حکومت، افغان فورسز اور غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

طالبان نے اپنے اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ ملک کے بیشتر علاقے غیر ملکی افواج کے زیر اثر ہیں اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ مزید فورسز افغانستان کی سرزمین پر اتاریں گے۔

طالبان نے دعویٰ کیا کہ غیر ملکی افواج نے طالبان کے علاوہ مقدس مقامات جیسا کہ مسجد کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ طالبان نے افغان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے واشنگٹن سے دوطرفہ سیکیورٹی امور پر معاہدہ کرکے امریکی فوجیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس دوران طالبان قیادت نے اپنے جنگجوؤں کو ہدایت کی کہ وہ عام شخص کی طرح زندگی گزاریں تاکہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔

The post طالبان کا غیر ملکی فورسز کے خلاف آپریشن ’’الخندق‘‘ کا اعلان appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

امریکی عدالت کا 7 لاکھ تارکین وطن کو بے دخل نہ کرنے کا حکم

Hits: 0

امریکا کی ایک عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ ان 7 لاکھ نوجوان تارکینِ وطن کو ملک بدر نہ کرے جنھیں ڈریمرز کے نام سے جانا جاتا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی ایک وفاقی عدالت کے جج جان ڈی بیٹس نے گزشتہ روز اپنے فیصلے میں ٹرمپ حکومت کی جانب سے ڈیفرڈ ایکشن فار چائلڈ ہڈ ارائیول (ڈاکا) پروگرام کو ختم کرنے کے فیصلے کے بارے میں کہا ہے کہ یہ عملاً ناقابلِ وضاحت اور غیر قانونی ہے۔

جج بیٹس نے کہا کہ محکمہ داخلہ ڈاکا پروگرام کو مارچ سے مرحلہ وار ختم کرنے کے فیصلے کا دفاع کرنے میں ناکام رہا ہے کیوں کہ وہ یہ ثابت نہیں کرسکا کہ یہ پروگرام کیوں غیر قانونی ہے۔ تاہم عدالت نے اپنے فیصلے کو 90 روز کے لیے مؤخر کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے کہا کہ وہ تارکینِ وطن کا یہ پروگرام ختم کرنے کی ٹھوس وجوہات 90 روز میں عدالت کے سامنے پیش کرے۔ عدالت نے محکمے کو اس عرصے کے دوران مذکورہ پروگرام کے تحت نئے تارکینِ وطن کی درخواستیں وصول کرنے کی بھی ہدایت کی۔

The post امریکی عدالت کا 7 لاکھ تارکین وطن کو بے دخل نہ کرنے کا حکم appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

اقوام متحدہ نے ایران جوہری معاہدے کی حمایت کر دی

Hits: 0

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ اس معاہدے پر قائم رہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرمیں پائیدار امن کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جوہری معاہدے میں شریک تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریاں ادا کریں۔ انھوں نے خطے میں قیام امن و سلامتی اور بحرانوں کو غیرفوجی طریقوں سے حل کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔

دریں اثنا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ پر ٹرمپ اور ماکروں اختلافات دور کرنے پر تیار ہیں، ٹرمپ کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں ایرانی جوہری معاہدے سے متعلق اپنے باہمی اختلافات دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ٹرمپ نے واضح کیا کہ جوہری معاہدے سے دستبرداری کی ان کی دھمکی اپنی جگہ موجود ہے۔ بعد میں ماکروں نے کہا کہ انھوں نے اس سلسلے میں ایک نئے معاہدے کی بات کی ہے، جس میں ایران کے حوالے سے ٹرمپ کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ جوہری معاہدہ کے اختتام پر ایران جوہری سرگرمیاں محدود رکھے ورنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد ایران نے اسلحہ بنانے کی کوشش کی تو اس کے نتائج سنگین ہونگے۔

ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکااس معاہدے سے دستبردار ہوا تو ضروری نہیں کہ ایران بھی اس کا پابند رہے۔

The post اقوام متحدہ نے ایران جوہری معاہدے کی حمایت کر دی appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico

بھارت میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، 13 بچے ہلاک

Hits: 0

بھارتی ریاست اترپردیش میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آنے سے 13 بچے ہلاک جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں کشی نگر کے قریب اسکول وین ریلوے کراسنگ سے گزرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اسکول بس میں 20 سے 30 بچے موجود تھے جن میں سے 13 موقع پر ہی جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ واقعہ ممکنہ طور پر وین ڈرائیور کی غفلت اور جلد بازی کی وجہ سے پیش آیا۔

مقامی پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 7 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول وین کشی نگر ٹاؤن میں دودھی کے قریب ریلوے کراسنگ پر سے گزر رہی تھی۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ آدیتیہ ناتھ نے موقع پر پہنچ کر مرنے والے بچوں کےلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔ جب کہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں رواں ماہ اسکول وین کو پیش آنے والایہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ملکوال کے علاقے میں 9 اپریل کو اسکول وین ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے وین کھائی میں جاگری تھی جس کے باعث 23 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

The post بھارت میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، 13 بچے ہلاک appeared first on i14 News.

Powered by WPeMatico